(ویب ڈیسک) عید اپنے پیاروں کے ساتھ منانے کیلئے پردیسیوں کی آبائی علاقوں کو روانگی کا سلسلہ شروع ہو گیا جس کے باعث بس اڈوں، ریلوے اسٹیشنوں اور ویگن سٹینڈز پر مسافروں کا رش بڑھنے لگا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مختلف شہروں میں مقیم افراد عید کی چھٹیاں ملتے ہی اپنے آبائی علاقوں کا رخ کر رہے ہیں تاکہ یہ خوشیوں بھرا تہوار اپنے اہل خانہ کے ساتھ منا سکیں، مسافروں کی بڑی تعداد کے باعث ٹرانسپورٹ اڈوں پر گہما گہمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ عید اپنوں کے ساتھ منانے کی خوشی ہی الگ ہوتی ہے، اس لئے وہ کوشش کرتے ہیں کہ جیسے ہی چھٹیاں ملیں فوراً اپنے گھروں کو روانہ ہو جائیں۔
مسافروں کا کہنا تھا کہ طویل سفر کے باوجود اہل خانہ کے ساتھ عید منانے کا جذبہ انہیں اپنے آبائی علاقوں کی طرف کھینچ لاتا ہے، انتظامیہ کی جانب سے بھی مسافروں کی سہولت کیلئے اضافی ٹرانسپورٹ اور دیگر انتظامات کئے جا رہے ہیں تاکہ لوگوں کو سفر میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
