12 Mar 2026
(لاہور نیوز) تھانہ گوالمنڈی پولیس نے کارروائی کرتے منشیات فروشی کا بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا، میاں بیوی سمیت چار ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔
80 لاکھ مالیت کی ہیروئن گوالمنڈی پولیس کی گرفت میں آگئی، میاں بیوی سمیت چار ملزمان گرفتار ہو گئے، ایس پی سٹی ڈویژن کا کہنا تھا کہ گوالمنڈی پولیس نے مختلف کاروائیوں کے دوران ملزمان کو منشیات کی ترسیل کرتے گرفتار کیا، ملزمان ذاکر اور جان محمد پشاور سے منشیات لا کر لاہور کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم آصف اپنی بیوی رابعہ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر ہیروئن کی ترسیل مختلف اضلاع میں کرتا تھا، ملزمان کیخلاف مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، پولیس کا کہنا تھا کہ مکروہ دھندے میں ملوث نیٹ ورک کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہیں۔
