(لاہور نیوز) ماہِ صیام کے دوران شہر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا جبکہ لاہور کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی جانب سے سخت چیکنگ کا عمل جاری ہے۔
ایس پی موبائلز اسامہ امین چیمہ کے مطابق موبائلز سکواڈ نے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف جرائم میں ملوث 97 ملزمان کو گرفتار کیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق چیکنگ کے دوران 16 اشتہاری ملزمان، 6 عدالتی مفروران اور 7 عادی ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا، ملزمان کو ای پولیس ایپ کی مدد سے شناخت کر کے گرفتار کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق موبائلز سکواڈ نے اپنی شناخت چھپانے یا مشکوک حرکات پر 48 افراد کو حراست میں لے کر مزید کارروائی کیلئے متعلقہ تھانوں کے حوالے کیا۔
ایس پی موبائلز اسامہ امین چیمہ کا کہنا ہے کہ ناکہ جات پر ای پولیس ایپ کے ذریعے 27 ہزار 816 سے زائد افراد کا ریکارڈ چیک کیا گیا جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر 3 ہزار 388 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی بھی جانچ پڑتال کی گئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر قائم ناکہ جات پر ای پولیس ایپ کے ذریعے اشتہاری ملزمان اور جرائم پیشہ افراد کی شناخت کا عمل مسلسل جاری ہے۔
