05 Mar 2026
(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی سکیورٹی موومنٹ میں خلل ڈالنے پر پولیس نے دو موٹرسائیکل سوار نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب گورنر پنجاب ایرانی قونصلیٹ سے واپس جا رہے تھے، اسی دوران دو موٹر سائیکل سوار نوجوان گورنر کیساتھ چلنے والی گاڑیوں کے قریب آ گئے جس پر سکیورٹی اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں کو حراست میں لے لیا۔
دوسری جانب حراست میں لیے گئے نوجوانوں کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے بھائی کو چھوڑنے کے لیے ایئرپورٹ جانا تھا اور انہیں فلائٹ چھوٹنے کا خدشہ تھا، نوجوانوں نے الزام لگایا کہ ایک ٹریفک وارڈن نے ان کے ساتھ بدتمیزی بھی کی۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، حقائق سامنے آنے کے بعد قانونی کارروائی کی جائے گی۔
