(لاہور نیوز) پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز اس اضافے کی مذمت کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 23 سے 24 روپے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 13 روپے اضافہ کیا گیا ہے، جس سے ٹرانسپورٹ کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ماہِ رمضان کے مقدس مہینے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا تاکہ عوام پر مزید بوجھ نہ پڑے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ صرف ٹرانسپورٹرز ہی نہیں بلکہ ہر پاکستانی کو متاثر کرتا ہے، کیونکہ اس سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان جنم لیتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث ٹرانسپورٹرز کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے، حکومت کی غلط پالیسیوں سے تنگ آ کر ٹرانسپورٹرز پہلے بھی 10 دن کی ملک گیر ہڑتال کر چکے ہیں۔
ملک شہزاد اعوان نے خبردار کیا کہ عید کے بعد پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز سے مشاورت کے بعد دوبارہ ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا جائے گا۔
