(لاہور نیوز) ماہ مبارک میں غذائی تحفظ کیلئے ایک بڑی کارروائی میں غیر معیاری مصالحہ جات تیار کرنے والے یونٹ کو بند کر دیا گیا۔
اس کارروائی کے دوران 1200 کلو ناقص مصالحہ جات تلف کئے گئے، جبکہ 500 کلو خالی کارٹن، 10 پیکنگ ریلیز اور 1 مشین بھی ضبط کی گئی، یونٹ کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
یہ یونٹ نسبت روڈ کے رہائشی علاقے میں چھپ کر کام کر رہا تھا، جہاں ناقص مصالحوں کو معروف برانڈز کی جعلی پیکنگ میں لگایا جا رہا تھا، ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق مصالحہ جات کے موقع پر کئے گئے ٹیسٹ فیل ہوئے اور معیار ناقص پایا گیا۔
مزید تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ ملازمین کے میڈیکل ریکارڈ نامکمل تھے، ٹریننگ سرٹیفکیٹس اور دیگر لازمی دستاویزات موجود نہیں تھیں، ملاوٹی مصالحے تیار کرکے لاہور کے مضافاتی علاقوں میں فروخت کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ زیادہ منافع کی لالچ میں عوام کی صحت سے کھیلنے والے مافیا کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں، شہریوں کو کھلے مصالحے خریدنے سے گریز کرنے اور غذائیت سے بھرپور خوراک کا انتخاب یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی، بنیادی اشیائے ضروریہ میں ملاوٹ کرنے والے معاشرے کا ناسور ہیں اور ایسے کاروبار کو جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا۔
