(لاہور نیوز) پیٹرن انچیف یونائیٹڈ بزنس گروپ ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ ٹریڈ آرگنائزیشن رولز میں ترمیم کے بل پر تشویش ہے۔
وفاقی دارالحکومت سے جاری اپنے ایک بیان میں ایس ایم تنویر کا کہنا تھا کہ پوری بزنس کمیونٹی میں ٹریڈ بل کے حوالے سے سخت تشویش پائی جا رہی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ملک بھر کی تاجر برادری خوف میں مبتلا ہے، تجارتی رکاوٹوں کی وجہ سے کاروباری ماحول پہلے ہی متزلزل ہے، چیمبرز کاروباری برادری کی آخری پناہ گاہ ہیں جہاں وہ آواز اٹھا سکتے ہیں۔
پیٹرن انچیف یونائیٹڈ بزنس گروپ کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی بھی قید انڈسٹریل اسٹیٹس، تحصیلوں میں ایس ایم ای کلسٹرز، اور ایکسپورٹ کو نمائندگی سے خارج کر سکتی ہے، ٹی او آرز 2013 میں ردوبدل سے بڑے پیمانے پر حوصلہ شکنی اور مایوسی ہو گی۔
ایس ایم تنویر نے کہا کہ مجوزہ قانون سازی ضلعی سطح کے چیمبرز کو ختم کر دے گی، مجوزہ ترمیم ضلعی معیشتوں کو تباہ کر دے گی، ضلعی چیمبرز مقامی معیشتوں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اِس بل کو مسترد کرے، ڈسٹرکٹ چیمبر ختم کرنے سے ایس ایم ایز تباہ ہو جائیں گے۔
