ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس: وزیرِ اعظم اور وفاقی کابینہ کیخلاف توہینِ عدالت کی کارروائی ختم
(لاہور نیوز) ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس میں وزیرِ اعظم اور وفاقی کابینہ کیخلاف توہینِ عدالت کی کارروائی ختم کر دی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے لارجر بنچ نے توہین عدالت کی کارروائی کا حکم واپس لے لیا، فیصلے میں کہا گیا کہ 21 جولائی 2025 کا حکم اس بنچ نے دیا جو قانونی طور پر تشکیل ہی نہیں دیا گیا تھا،21 جولائی کا سنگل بنچ کا فیصلہ واپس لیا جاتا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے لارجر بنچ کے فیصلہ میں کہا گیا کہ قواعد کے تحت اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ہی ماسٹر آف دی روسٹر ہیں،چیف جسٹس ہی بنچ تشکیل دینے کا خصوصی اختیار رکھتے ہیں، کسی مقدمہ کی سماعت کا عدالتی اختیار صرف اُس وقت ہو گا جب چیف جسٹس کے اختیار سے قانونی طور پر بنچ تشکیل دیا جائے۔
کوئی جج اس فریم ورک سے باہر یکطرفہ طور پر دائرۂ اختیار استعمال نہیں کر سکتا، روسٹر یا بنچ کی تشکیل چیلنج کرنے کا معاملہ اندرونی انتظامی طریقہ کار کے ذریعے اٹھایا جائے گا، یہ معاملہ خود ساختہ عدالتی کارروائی کے ذریعے حل نہیں کیا جا سکتا۔
