(لاہور نیوز) یکم رمضان المبارک کے موقع پر پولیس نے مکمل الرٹ رہنے کا اعلان کرتے ہوئے ماہِ صیام کیلئے مربوط اور جامع سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق شہر بھر کی 4,999 مساجد اور امام بارگاہوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس اور ڈولفن فورس سمیت لاہور پولیس کے 5,500 سے زائد افسران و اہلکار مختلف ڈیوٹی پوائنٹس پر تعینات ہیں، جبکہ مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی پر 14 ہزار سے زائد رضاکار بھی فرائض انجام دے رہے ہیں۔
بلال صدیق کمیانہ نے مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر اہم مقامات کی سکیورٹی مزید بڑھانے کا حکم دیتے ہوئے ڈویژنل افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ سحر، افطار اور نمازِ تراویح کے اوقات میں فیلڈ وزٹس کو یقینی بنائیں، احترامِ رمضان آرڈیننس کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سی سی پی او کے مطابق سحر و افطار کے اوقات میں ڈولفن سکواڈ اور پیرو کی ٹیمیں مؤثر پٹرولنگ کریں گی، جبکہ افطاری کے وقت ٹریفک کی بلا تعطل روانی یقینی بنانے کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
بلال صدیق کمیانہ نے علماء کرام اور مساجد انتظامیہ سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں لاہور پولیس سے تعاون کریں تاکہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
