(لاہور نیوز) اقبال ٹاؤن ڈویژن میں ماہِ رمضان کی پہلی سحری کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
اس حوالے سے ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر نے مختلف مساجد کا دورہ کر کے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ایس پی ڈاکٹر محمد عمر کے ہمراہ سرکل افسران اور متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز بھی اہم مساجد میں موجود رہے اور سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور افسران و اہلکاروں کو بریفنگ دی، انہوں نے جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ مکمل الرٹ رہیں اور سحری، افطار اور پانچوں نمازوں کے اوقات میں فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنائیں۔
ایس پی اقبال ٹاؤن نے تاکید کی کہ مساجد میں آنے والے تمام نمازیوں کی چیکنگ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، پارکنگ کا انتظام مساجد سے مناسب فاصلے پر رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ڈاکٹر محمد عمر نے نمازی حضرات سے بھی اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک شخص یا لاوارث سامان کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں، تمام مساجد کے سکیورٹی انتظامات کو مکمل طور پر یقینی بنایا جا رہا ہے اور رمضان المبارک کے دوران شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
