(لاہور نیوز) پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے۔
صوبے بھر میں جاری ڈیٹا کے مطابق جنوری 2026 میں مجموعی طور پر 12 لاکھ 41 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے۔
ترجمان کے مطابق اس میں سے 4 لاکھ 40 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ لائسنس حاصل کئے جبکہ 4 لاکھ شہریوں کو ریگولر ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے، مزید 3 لاکھ 90 ہزار شہریوں نے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل لائسنس کی تجدید کروائی۔
اسی دوران 2,500 سے زائد شہریوں نے گم شدہ لائسنس دوبارہ حاصل کئے اور 4,500 سے زائد شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کئے گئے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے واضح کیا کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا جرم ہے اور ایسے ڈرائیورز کو بھاری جرمانوں اور سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، سیکھ کر گاڑی چلانے والے شہریوں کی وجہ سے پنجاب میں ٹریفک حادثات میں کمی آئی ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے شہریوں سے اپیل کی کہ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کیلئے خدمت مراکز، لائسنسنگ سینٹر اور آن لائن پورٹل کا استعمال کریں تاکہ قانونی اور محفوظ ڈرائیونگ یقینی بنائی جا سکے۔
