(لاہور نیوز) اندرون لاہور میں بسنت کے موقع پر 10 سرکاری سکولوں کی چھتیں خصوصی طور پر مختص کر دی گئی ہیں۔
ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ محکمہ سکول ایجوکیشن کو بھجوا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق بسنت کیلئے جن سکولوں کی چھتیں مختص کی گئی ہیں ان میں گورنمنٹ ہائی سکول بھاٹی گیٹ، دہلی گیٹ، سید مٹھا بازار اور شاہ عالم گیٹ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گورنمنٹ وکٹوریہ گرلز ہائی سکول، تکیہ سادھواں، کابلی مل اور چونا منڈی کے سکولوں کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں۔
انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ بسنت کے تینوں روز متعلقہ سکولوں میں نگران عملہ 24 گھنٹے ڈیوٹی پر موجود رہے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز سکولوں کے دورے کر کے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔
انتظامیہ کے مطابق ناقص انتظامات یا کسی بھی غفلت کی صورت میں متعلقہ سکول سربراہان کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔
