23 Jan 2026
(ویب ڈیسک) شادی پورہ کے علاقے میں سبزی لینے کیلئے گھر سے نکلی ایک بزرگ خاتون کھلے مین ہول میں جا گری، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق کھلے مین ہول میں گرنے کے باعث بزرگ خاتون کے سر پر گہرا زخم آیا۔ انہیں فوری طور پر ریسکیو کے ذریعے سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زیر علاج ہیں، اہل خانہ کے مطابق خاتون کے سر پر 24 ٹانکے لگائے گئے ہیں۔
علاقہ مکینوں نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ چار ماہ سے علاقے میں سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں اور متعدد مین ہولز کھلے پڑے ہیں، جس کے باعث پہلے بھی کئی حادثات پیش آ چکے ہیں۔
شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سڑکوں کی مرمت اور کھلے مین ہولز کو بند کیا جائے تاکہ مزید قیمتی جانوں کو خطرے سے بچایا جا سکے۔
