(لاہور نیوز) محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ والدین کو کسی خاص دکان سے یونیفارم، کتب یا دیگر اشیاء خریدنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق کوئی بھی نجی سکول والدین کو کتابیں، یونیفارم یا دیگر تعلیمی اشیاء مخصوص دکانوں سے خریدنے کیلئے پابند نہیں کر سکتا، ایسی کسی بھی قسم کی پابندی نجی سکولوں سے متعلق قوانین کے خلاف ہے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ اگر کوئی نجی سکول اس حوالے سے دباؤ ڈالے یا کسی خاص دکان سے خریداری پر مجبور کرے تو فوری طور پر شکایت درج کروائیں۔
مراسلے کے مطابق والدین اپنے متعلقہ ضلع کی ایجوکیشن اتھارٹی میں شکایت درج کرا سکتے ہیں، جہاں اس معاملے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ والدین کو غیر ضروری مالی بوجھ سے بچانا اور تعلیمی اداروں میں شفافیت کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
