(لاہور نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتخابات کے معاملے پر رکن قومی اسمبلی شہلا رضا کے تحفظات، ہاکی اولمپئنز بھی میدان میں آ گئے، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتخابات کے لیے شفاف الیکشن کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا ۔
شہلا رضا نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے احکامات کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتخابات کا عمل درست انداز میں نہیں کیا جا رہا۔
اولمپئن حنیف خان نے کہا کہ ہاکی کی بہتری کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف کو خود ایکشن لینا ہوگا، پاکستان سپورٹس بورڈ اپنے مفاد کے لیے کام کر رہا ہے، احتجاج جاری رکھیں گے۔
اولمپئن رحیم خان نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ قومی کھیل ہاکی کو دوبارہ عروج ملے، ہاکی فیڈریشن سے اپیل ہے کہ ہاکی کو مزید تباہ نہ کریں، پاکستان ہاکی فیڈریشن میں بیٹھے لوگ شفاف الیکشن نہیں کرا سکتے، پی ایس بی اور پی او اے مل کر نیوٹرل الیکشن کمیشن بنائیں۔
اولمپئن ایاز محمود نے کہا کہ فیلڈ مارشل اور وزیر اعظم سے اپیل ہے کہ پی ایچ ایف پر ایڈہاک لگائیں، جب تک شفاف الیکشن نہیں ہوں گے، ہاکی برباد ہوتی رہے گی، کرپٹ اولمپئنز نے پاکستان ہاکی کو خراب کیا ہے۔
اولمپئن ناصر علی نے کہا کہ وزیراعظم ہاکی کے پیٹرن اِنچیف ہیں، کرپٹ ٹولے سے جان چھڑوائیں جبکہ مایہ ناز اولمپئن شہناز شیخ نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کمپرومائز کی نذر ہو چکا ہے، پی ایس بی ہاکی فیڈریشن میں کرپٹ لوگوں کو سپورٹ کر رہا ہے۔
