(لاہور نیوز) پنجاب پولیس کی جانب سے انسداد منشیات کے سلسلے میں جاری آپریشنز نے صوبے بھر میں منشیات کے خلاف سخت اقدامات کو مزید تیز کر دیا ہے۔
24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت مختلف اضلاع میں 158 چھاپے مارے گئے، جس کے نتیجے میں 78 منشیات فروش گرفتار کئے گئے۔
پولیس کے ترجمان کے مطابق، یہ کارروائیاں پنجاب بھر میں منشیات کے کاروبار کو روکنے کے لئے کی جا رہی ہیں، پولیس نے کارروائیوں کے دوران 55 کلو گرام چرس، 5 کلو گرام آئس، 9 کلو گرام ہیروئن اور 448 لٹر شراب برآمد کی۔
آئی جی پنجاب نے منشیات ڈیلرز اور سمگلرز کے خلاف سپیشل آپریشنز کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت سزائیں دلوائی جائیں گی، تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گردونواح میں منشیات فروشی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ پنجاب پولیس کا مقصد منشیات کی سپلائی کو مکمل طور پر روکنا اور اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث افراد کو قانون کی گرفت میں لانا ہے، ہر چھاپے اور کارروائی کا مقصد نوجوانوں اور تعلیمی اداروں کے قریب منشیات کے کاروبار کو جڑ سے ختم کرنا ہے۔
