(لاہور نیوز) ینیٹ کا اجلاس (کل) پیر کو صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گا، جس کے دوران پاک بحریہ کی خدمات کو خراجِ تحسین اور جدید خطوط پر اپ گریڈیشن کی قرارداد سینیٹ میں پیش کی جائے گی۔
اجلاس میں ستائیسویں آئینی ترمیمی بل کی رپورٹ پیش کی جائے گی، سینیٹر فاروق ایچ نائیک ستائیسویں آئینی ترمیمی بل پر کمیٹی رپورٹ پیش کریں گے. سینیٹر اعظم نذیر تارڑ ستائیسویں آئینی ترمیمی بل کو فوری غور کے لیے پیش کریں گے.
سینیٹر انوشہ رحمان پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ایکٹ میں ترمیمی بل پیش کریں گی، اسلام آباد میٹرو بس سروس کے قیام کا بل سینیٹر سرمد علی پیش کریں گے، سینیٹر کامران مرتضیٰ پاکستان سائیکولوجیکل کونسل کے قیام سے متعلق بل متعارف کرائیں گے۔
پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن ایکٹ میں ترمیمی بل سینیٹر محمد عبدالقادر پیش کریں گے، اسکے علاوہ اسلام آباد میں کتابوں پر پلاسٹک کور کے استعمال پر پابندی سے متعلق بل سینیٹر شیری رحمان پیش کریں گی، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن ایکٹ میں ترمیمی بل بھی ایوان میں پیش کیا جائے گا۔
ورچوئل ایسٹس کے ضابطہ کار سے متعلق بل سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان پیش کریں گے۔ ای سگریٹ (ENDS) کے ضابطہ جاتی بل پر سینیٹر سرمد علی کی جانب سے پیش رفت ہو گی، سینیٹر کامران مرتضیٰ جامعات میں مستحق طلبہ کے لیے خصوصی نشستوں کے بل پر غور کریں گے۔
اسکے علاوہ فاطمہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ملتان کے قیام سے متعلق بل ایوان میں زیرِ غور آئے گا۔ گرفتار یا زیرِ حراست افراد کے حقوق کے تحفظ سے متعلق بل پر بھی کارروائی متوقع ہے۔
غیر قانونی نقل مکانی کی روک تھام سے متعلق بل پر سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کی جانب سے پیش رفت ہو گی۔ سینیٹر سعدیہ عباسی بچوں پر جسمانی سزا کے خلاف بل واپس لیں گی۔ سینیٹر شہادت اعوان جنگلی حیات کے تحفظ سے متعلق بل واپس لیں گے۔
سینیٹر محسن عزیز ملک میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کے انخلا اور سرمایہ کاری پر اثرات پر بحث کی تجویز دیں گے۔ سینیٹر کامران مرتضیٰ بندرگاہوں پر کارگو کی ترسیل میں رکاوٹوں کے مسئلے پر ایوان کو اعتماد میں لیں گے،
سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر بحث کی تحریک پیش کریں گی۔ اس کے علاوہ سینیٹر طلحہ محمود سیلاب متاثرین کے لیے امدادی پیکجز پر قرارداد پیش کریں گے، سینیٹ میں پاک بحریہ کی خدمات کو خراجِ تحسین اور جدید خطوط پر اپ گریڈیشن کی قرارداد پیش کی جائے گی۔
