(لاہور نیوز) فیملی عدالت میں بند روڈ کے رہائشی سلطان احمد نے اپنی اہلیہ کے خلاف دعویٰ دائر کیا ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے اپیل کی ہے کہ اس کی سابقہ اہلیہ نے اس کے بچوں کو اس کے خلاف اکسا کر ان کے ذہن میں نفرت پیدا کر دی ہے۔
سلطان احمد کا کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ ان سے الگ ہو چکی ہیں اور عدالت نے دو بچوں کو ان کی ماں کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم، درخواست گزار نے یہ بھی کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود اس کے بچوں سے ملاقات کے مواقع نہیں دیئے جاتے اور وہ اپنے بچوں سے ملنے کے لئے ترس رہے ہیں۔
انہوں نے مزید الزام لگایا کہ ان کی سابقہ اہلیہ نے بچوں کا ذہن خراب کر دیا ہے اور انہیں ان کے بارے میں نفرت سکھائی ہے، سلطان احمد نے اپنے وکیل کے ذریعے عدالت میں سپریم کورٹ کی ایک اہم ججمنٹ پیش کی، جس میں کہا گیا ہے کہ جو والدین اپنے بچوں کے ذہن میں دوسرے والد کے خلاف نفرت پیدا کریں وہ اپنے بچوں کے حقوق کے حقدار نہیں ہوتے۔
سپریم کورٹ کی ججمنٹ کے مطابق بچوں میں والد کے خلاف نفرت پیدا کرنے والی ماں اپنے بچوں کو نہیں رکھ سکتی، جسے درخواست گزار نے اپنے دعوے کی بنیاد بنایا ہے۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت کیلئے بچوں کی ماں کو طلب کر لیا اور کیس کی سماعت 21 نومبر تک ملتوی کر دی۔
