(لاہور نیوز) بانی پی ٹی آئی کے بھانجے شاہ ریز خان کے جناح ہاؤس حملہ کیس میں عدالت نے موبائل فون واپس کرنے کی درخواست خارج کر دی۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل کی عدالت میں شاہ ریز خان کی موبائل فون کی سپرداری کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے سپرداری کی درخواست کو واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دیا۔
شاہ ریز خان نے اپنے آئی فون موبائل کی سپرداری پر حوالگی کی درخواست دائر کی، جس میں استدعا کی گئی تھی کہ ان کا موبائل فون بطور مال مقدمہ پولیس کے پاس ہے جو سپرداری پر مجھے واپس دیا جائے۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کا موبائل مال مقدمہ ہے اور مقدمہ کے اہم شواہد کا حصہ ہے، مقدمہ کا فیصلہ ہونے تک یہ موبائل فون پولیس کے پاس رہے گا۔
یاد رہے کہ شاہ ریز خان کا موبائل فون پولیس نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں قبضہ میں لیا تھا، ملزم شاہ ریز خان بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خانم کا بیٹا ہے تاہم جناح ہاؤس حملہ کیس میں انکی ضمانت منظور ہو چکی ہے۔
