(لاہورنیوز)وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا کہ معیشت کی ترقی کیلئے اشرافیہ کے غلبے کو توڑنا ضروری ہے۔
دی فیوچر سمٹ کے نویں ایڈیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ اپنی سمت درست کرنے سے پہلے منزل کا تعین بہت ضروری ہے، نوجوانوں کی منزل کوئی پیچیدہ نہیں ہے، نوجوان تبدیلی پر یقین رکھتے ہیں ان کی خواہشات سادہ ہیں، حکومت کاروبار کیلئے سازگار ماحول اور سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب کیلئے یکساں مواقع کی دستیابی حکومتی ترجیح ہے، مسابقتی ماحول سے کاروباری سرگرمیوں کو وسعت ملے گی، نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، حکومت نوجوانوں پر سرمایہ کاری کر رہی ہے، ہم نے مل کر ملک کو آگے لے کر جانا ہے، باوقار طرز زندگی ہر ایک کی خواہش اور حق ہے۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ملک میں معاشی سرگرمیوں سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، برآمدات اور سرمایہ کاری کے فروغ سے ہی پائیدار معاشی استحکام ممکن ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مخصوص شعبوں کو مراعات دیں تو اشرافیہ ہی غالب ہوتی ہے، پروٹیکشن اور ٹیرف میں پیسہ بن رہا ہو تو ایکسپورٹ کیسے بڑھے گی؟ لوکل ٹریڈ میں پروٹیکشن اور ٹیرف رعایت ملے گی تو دنیا سے کون مسابقت کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ رئیل اسٹیٹ میں آج کل مندی ہے، اشرافیہ کے اس غلبے کو توڑنا ضروری ہے ورنہ معیشت پائیدار بنیادوں ترقی نہیں کرے گی۔
