(لاہور نیوز) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) اور پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے درمیان پٹرول فراہمی کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب لیسکو ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوئی، جس میں چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ، ڈائریکٹر جنرل ایڈمن سمیت لیسکو کے سینئر افسران اور پی ایس او کے نمائندگان نے شرکت کی۔
معاہدے کے تحت لیسکو کی تمام گاڑیوں کو پٹرول کی فراہمی پی ایس او کے منتخب پمپوں سے کی جائے گی، اس سلسلے میں ہر گاڑی کے لئے الگ پٹرول کارڈ جاری کیا جائے گا، تاکہ ایندھن کی فراہمی کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے اس موقع پر کہا کہ ادارے کی اولین ترجیح شفاف، مؤثر اور جدید نظام کی تشکیل ہے، جس سے کارکردگی میں بہتری اور اخراجات میں شفافیت آئے گی۔
پی ایس او کے نمائندگان نے لیسکو کے ساتھ اس معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں اداروں کے درمیان تعاون سے ایندھن کی فراہمی کا نظام مزید بہتر اور مؤثر ہو گا۔
