(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ناقص اور مضرِ صحت گوشت کی فراہمی کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملتان روڈ پر کامیاب کریک ڈاؤن کرتے ہوئے دو من مضرِ صحت گوشت تلف کر دیا جبکہ گوشت سپلائی کرنے والا رکشہ بھی ضبط کر لیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق موقع پر گوشت کا تفصیلی معائنہ کیا گیا جس میں یہ گوشت انسانی استعمال کے لئے مضر قرار پایا، رپورٹ کے مطابق رکشہ میں نیلی اور کالی رنگت والا گوشت سپلائی کیا جا رہا تھا جبکہ سپلائر کے پاس سلاٹر ہاؤس کا جعلی گیٹ پاس بھی برآمد ہوا۔
عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ برآمد شدہ تمام ناقص گوشت کو قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد تلف کر دیا گیا، ابتدائی تفتیش میں یہ انکشاف ہوا کہ بیمار اور کم عمر جانوروں کا گوشت شہر میں فروخت کے لئے نواحی علاقوں سے لایا جا رہا تھا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بنیادی مقصد محفوظ، معیاری اور حلال خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے، اس سلسلے میں دودھ، گوشت، گھی اور دیگر بنیادی اشیائے خورونوش کی پیداوار سے ترسیل تک کے لئے ایس او پیز وضع کر دی گئی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کے تحت مضرِ صحت خوراک کے کاروبار سے وابستہ عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے اور ایسے تمام کاروبار مکمل طور پر بند کر دیئے جائیں گے۔
