(لاہور نیوز) سموگ کے تدارک اور فضائی آلودگی میں کمی کیلئے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) لاہور کی جانب سے انسدادِ سموگ مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔
اس مہم کے تحت شہر کی مختلف مرکزی شاہراہوں پر درختوں اور پودوں کی صفائی کیلئے "ٹری واشنگ" کا عمل جاری ہے، پی ایچ اے کی ٹیمیں مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، جین مندر، داتا دربار، راوی روڈ اور گلبرگ روڈ سمیت مختلف علاقوں میں صبح و شام متحرک ہیں، واٹر باؤزرز کے ذریعے درختوں اور پودوں پر جمی گرد و غبار دھو کر صاف کی جا رہی ہے تاکہ فضا میں موجود آلودگی کے اثرات میں کمی لائی جا سکے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے منصور احمد راجہ نے اس موقع پر کہا کہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے، درختوں کی صفائی سے نہ صرف ماحول خوشگوار ہو گا بلکہ فضا میں آلودگی کے اثرات بھی کم ہوں گے۔
ڈی جی پی ایچ اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سموگ سے نمٹنے کیلئے شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں اور اپنے اردگرد کے ماحول کو سرسبز رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
