(ویب ڈیسک) رواں سال موسم سرما کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں معمول سے کم بارشیں ہوں گی اور خشک سردی رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
موسم کے دروازے پر سردی نے آہستہ سی دستک دے دی لیکن اس سرما میں بارشوں کا کوئی خاص امکان نہیں، پنجاب کے میدانی علاقے آئندہ ہفتے سے سموگ اور خراب فضائی معیار کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔
موسم کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس بار موسمِ سرما میں بارشیں کم اور ہوا خشک رہے گی، پہاڑوں پر برفباری بھی معمول سے کم ہونے کا امکان ہے جبکہ میدانی علاقے بھی بارش کی بوند بوند کو ترسیں گے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر فارکاسٹنگ کا کہنا ہے کہ مغربی ہوائیں ہمیں بارش دیتی ہیں مگر فی الحال ان کی آمد کا کوئی سلسلہ دکھائی نہیں دے رہا، موسم خشک رہے گا اور میدانی علاقوں میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت کچھ زیادہ محسوس ہو گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس سال سردیاں خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ دن کے وقت درجہ حرارت بھی نسبتاً زیادہ رہے گا۔
