(لاہور نیوز) کمشنر لاہور مریم خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں انسداد ڈینگی و سموگ، پولیو، پاٹ ہولز اور واٹر فلٹریشن پلانٹس کی کارکردگی بارے جائزہ لیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ، واسا، ماحولیات، زراعت اور ڈویلپمنٹ کے افسروں سمیت دیگر نے شرکت کی، کمشنر لاہور نے کہا کہ ایم سی ایل کنٹرولڈ 9 مین روڈ پر پاٹ ہولز کی فہرست مرتب کریں جبکہ کارکردگی روزانہ مانیٹر ہوگی۔
کمشنر لاہور کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاٹ ہولز میں معمولی کھڈے، توڑ پھوڑ شامل ہیں، 958 پاٹ ہولز کی نشاندہی ہو چکی ہے، لاہور کینال روڈ ٹھوکر تادھرم پورہ، دھرم پورہ تا ہربنس پورہ اور جلو تک روڈ لائٹس پر کام جاری ہے۔
کمشنر لاہور کو مزید بریف کیا گیا کہ واسا کے پاس کل 574 واٹر فلٹریشن پلانٹس ہیں جو سب فعال ہیں، کمشنر لاہور نے کہا کہ واسا تمام واٹر فلٹریشن کی فعالیت کو ری چیک کرے اور شکایات کا آزالہ کرے، اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ انسداد سموگ ہدایات کی خلاف ورزی پر 2 بھٹے مسمار جبکہ صنعتی یونٹس پر 2 ماہ میں 14مقدمات درج کئے گئے۔
کمشنر لاہور مریم خان کا کہنا تھا کہ غیر معیاری فیول، کوڑا جلانے، ٹائر برننگ پر مکمل پابندی ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاون جاری رہے گا۔
