(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے خراب اور بوسیدہ انفراسٹرکچر کی مرمت و بحالی کا فیصلہ کر لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو انفراسٹرکچر کی حالت بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، گزشتہ دو برس سے مرمت و بحالی کیلئے التوا کا شکار فنڈز کی فراہمی کا بھی حکم دے دیا گیا ہے، جبکہ محکمہ خزانہ کو فوری طور پر پچاس کروڑ روپے سے زائد فنڈز جاری کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت دی ہے کہ اورنج ٹرین ٹریک کا واٹر سسٹم، سینی ٹیشن اور لیکج سسٹم ترجیحی بنیادوں پر درست کیا جائے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری سفر کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق اورنج ٹرین سٹیشنز اور ٹریک پر 742 مقامات پر واٹر لیکج اور 24 مقامات پر پانی جمع ہونے کے سنگین مسائل ہیں، اس کے علاوہ 834 مقامات پر ڈرینج کے مسائل اور 68 مقامات پر گندے پانی کے نکاس کے مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے جنہیں اب ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ان تمام مقامات پر مرمتی کام جلد شروع کر دیا جائے گا تاکہ شہریوں کی سفری سہولیات میں بہتری لائی جا سکے۔
