(لاہور نیوز) ریلیف کمشنر نبیل جاوید کی زیر صدارت پی ڈی ایم اے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا جس میں پی آئی ٹی بی، بینک آف پنجاب ،اربن یونٹ ،پیلرا ،محکمہ آبپاشی اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے سیلاب کے بعد بحالی کے سروے پر تفصیلی بریفنگ دی، 27 اضلاع کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز نے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیلاب بحالی سروے 27 فیصد مکمل ہو چکا ہے، فلڈ اسسمنٹ سروے میں 2 لاکھ 22 ہزار متاثرین کی تفصیلات جمع کر لی گئی ہیں جبکہ 7200 سے زائد مویشی، 56728 مکانات اور 6 لاکھ متاثرہ اراضی کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کیمپ سائٹس کے قیام کا بھی جائزہ لیا اور تمام متعلقہ اداروں کو بروقت اقدامات کی ہدایت کی، سیلاب کے دوران اموات کی تصدیق کا عمل بھی مکمل ہو چکا ہے۔
ڈپٹی کمشنرز کو سیلاب کے دوران جاں بحق افراد کی فیملیز کو معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ متاثرین کی مکمل امداد اور بحالی ممکن ہو سکے۔
