پاک سعودی دفاعی معاہدہ بھائی چارے پر مبنی تعلقات کی باقاعدہ شکل ہے، وزیراعظم
(لاہور نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، پاک سعودی دفاعی معاہدہ بھائی چارے پر مبنی تعلقات کی باقاعدہ شکل ہے۔
سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب کیے کئی دورے کر چکا مگر حالیہ دورہ بالکل منفرد تھا، سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کے لیے بے مثال محبت دکھائی، ہم آج یہاں ایک خاندان کی طرح بیٹھے ہیں، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کا تعلق غیرمتزلزل اور مستقل عزم پر مبنی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مشترکہ کاروباری خواب حقیقت بنانے کیلئے تعاون کریں، تجارت، سرمایہ کاری، تحقیق اور ترقی کے شعبوں میں مشترکہ اقدامات آگے بڑھائیں گے، انہوں نے کہا کہ آج ہمیں سعودی عرب سے سیکھنے کی ضرورت ہے، ہمیں یہ موقع میسر ہے، وقت اور حالات کسی کا انتظار نہیں کرتے ہمیں خود کو تیار کرنا ہوگا، سعودی عرب بھی ہمیں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے، ولی عہد محمد بن سلمان کی متحرک اور وژنری قیادت نے سعودی معاشرہ بدل کر رکھ دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر مسلمان مقدس مقامات کے تحفظ کیلئے جان قربان کرنے کو تیار ہے، مقدس مقامات مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے ہمیشہ محافظ رہیں گے, واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی شوریٰ کونسل کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ نے کی۔
