(ویب ڈیسک) پولیس تفتیش کے نظام میں شفافیت، کارکردگی اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنانے کے لئے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے نیا احتسابی و سرویلنس نظام متعارف کروا دیا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے مطابق تفتیش کے معیار کو بہتر بنانے اور شفاف بنانے کے لئے دو خصوصی سیل تشکیل دیئے گئے ہیں، انویسٹی گیشن ریویو سیل: مالیاتی اور انفرادی جرائم کی تفتیش کا تفصیلی جائزہ لے گا اور آئی آر سی (انویسٹی گیشن ریویو کمیٹی): تفتیشی افسران کی کارکردگی کا تجزیہ کرے گی اور طریقہ کار کی جانچ پڑتال کرے گی۔
ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ تفتیش میں تاخیر، ایس او پیز کی خلاف ورزی یا غیر سنجیدگی پر تفتیشی افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، تفتیشی عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لئے ایک فیڈ بیک سیل بھی قائم کیا گیا ہے جو روزانہ کی بنیاد پر 400 مدعیان مقدمات کو فون کرکے تفتیشی کارکردگی سے متعلق رائے لے گا، اگر مدعی تفتیش سے مطمئن نہ ہو تو مقدمے کی تفتیش میں بہتری لانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔
پولیس حکام کے مطابق رواں سال درج ہونے والے 2 لاکھ 17 ہزار مقدمات میں سے 90 فیصد کے چالان عدالت میں جمع کروا دیئے گئے ہیں، جبکہ باقی مقدمات کی تفتیش بھی جلد مکمل کرکے چالان جمع کرائے جائیں گے۔
