(لاہور نیوز) دریائے ستلج میں حالیہ طغیانی اور سیلابی صورتِ حال کے باعث متاثر ہونے والا 11 کے وی پی ایل یو فیڈر بحال کر دیا گیا۔
لیسکو حکام کے مطابق اس بحالی کے عمل کے دوران 24 متاثرہ ٹرانسفارمرز، 95 زرعی ٹیوب ویل اور 273 گھریلو بجلی کنکشنز کو مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے، فیڈر کی مرمت اور بحالی کا عمل 23 ستمبر سے 28 ستمبر تک مسلسل دن رات جاری رہا جس میں لیسکو ٹیم نے نہایت مشکل اور خطرناک حالات میں اپنی خدمات انجام دیں۔
بحالی کے کام کے دوران دریا کی طغیانی کے باعث راستہ بند تھا جس پر لیسکو ٹیم نے مقامی کشتیوں کی مدد سے سامان اور آلات دریا پار منتقل کئے، اس پیچیدہ اور خطرناک آپریشن میں ایس ڈی او منڈی عثمان والا، ان کے عملے اور ریسکیو 1122 کے خصوصی تعاون کا کلیدی کردار رہا۔
لیسکو کے چیف ایگزیکٹیو نے اس کامیاب آپریشن پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا مشکل حالات میں بھی صارفین کو سہولت پہنچانا ہمارا عزم ہے، ہماری ٹیم نے جذبے، حوصلے اور عزم کے ساتھ دریا کے بیچوں بیچ کام کیا۔
لیسکو کے انجینئر رمضان بٹ نے کہا یہ ہماری ٹیم کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر ہے کہ ہم نے دریا میں کھڑے ہو کر بھی اپنا کام مکمل کیا۔
