(لاہور نیوز) گڑھی شاہو پولیس نے 15 پر کال کر کے گن پوائنٹ پر ساڑھے 8 لاکھ روپے اور آئی فون کی چوری کا جھوٹا ڈرامہ رچانے والے ملزم اسامہ کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق اسامہ ایک نجی فیکٹری میں کام کرتا تھا جس کے مالک نے اُسے بینک میں 8 لاکھ 50 ہزار روپے جمع کروانے کیلئے دیئے تھے۔
ملزم اسامہ نے پلاننگ کے تحت ان پیسوں کو چھپایا اور 15 پر جھوٹی کال کر کے روڈ رابری کا ڈرامہ رچایا، اس نے یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ اُسے گن پوائنٹ پر لوٹ لیا گیا ہے۔ تاہم، گڑھی شاہو پولیس نے فوری طور پر تحقیقات کا آغاز کیا اور CCTV فوٹیج کی مدد سے 24 گھنٹوں میں ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی سِول لائنز چوہدری اثر علی نے بتایا کہ ملزم اسامہ سے ساڑھے 8 لاکھ روپے نقدی اور آئی فون برآمد کر لیا گیا ہے، اس رقم اور آئی فون کو مالکان کے حوالے کر دیا گیا۔
ایس پی چوہدری اثر علی نے کہا کہ ملزم اسامہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تحقیقات کا عمل جاری ہے، گڑھی شاہو پولیس ٹیم کے ساتھ ایس ایچ او کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
