(لاہور نیوز) گڑھی شاہو پولیس نے سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی کی زیر نگرانی پولیس کی بروقت کارروائی نے ملزم کو پکڑنے میں اہم کردار ادا کیا۔
پٹرولنگ ٹیم نے "سٹاپ اینڈ سرچ" طریقے سے ملزم کو گڑھی شاہو چوک کے قریب گرفتار کیا، ملزم کی شناخت داؤد کے نام سے ہوئی ہے، جو سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کی ویڈیوز پوسٹ کر رہا تھا، جو بعد میں وائرل ہو گئی تھیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق ملزم کے قبضے سے ایک غیر قانونی پسٹل اور گولیاں برآمد کی گئی ہیں، اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تحقیقات کے لئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی نے کہا کہ اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کے واقعات کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہر میں امن و سکون قائم رکھا جا سکے۔
