(لاہور نیوز) پنجاب کے مختلف دریاؤں میں پانی کا بہاؤ آج بھی نارمل سطح پر ہے جبکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پانی کی سطح میں واضح کمی دیکھی جا رہی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق دریائے ستلج میں درمیانے سے نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، دریائے ستلج کے گنڈا سنگھ والا مقام پر پانی کا بہاؤ 83 ہزار کیوسک ہے جبکہ سلیمانکی کے مقام پر پانی کی روانی 81 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے، دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 36 ہزار کیوسک، خانکی ہیڈ ورکس پر 29 ہزار کیوسک، قادر آباد پر 25 ہزار کیوسک اور ہیڈ تریموں پر 31 ہزار کیوسک ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ دریائے راوی کے مختلف مقامات پر پانی کی روانی کم ہے، جسڑ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 6 ہزار کیوسک، شاہدرہ پر 5 ہزار کیوسک، بلوکی ہیڈ ورکس پر 24 ہزار کیوسک اور ہیڈ سدھنائی پر 26 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، ڈیرہ غازی خان ڈویژن کی رود کوئیوں میں اس وقت پانی کا بہاؤ مکمل طور پر بند ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے اقدامات تیزی سے جاری ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو سہولت فراہم کی جا سکے اور صورتحال پر قابو پایا جا سکے، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور سیلاب سے بچاؤ کے لئے متعلقہ انتظامیہ کے تعاون کو یقینی بنائیں۔
