(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر جنوبی پنجاب کے چھ شہروں میں ریسکیو آپریشن کیلئے امدادی سامان پہنچا دیا گیا۔
ملتان میں سیلاب متاثرین کیلئے 108 کشتیاں، 109 ربڑ بوٹس اور 1130 لائف جیکٹس فراہم کی گئی ہیں، جبکہ مظفرگڑھ میں 57 کشتیاں، 53 ربڑ بوٹس اور 683 لائف جیکٹس ریسکیو ٹیموں کے حوالے کی گئیں، رحیم یار خان میں 47 کشتیاں، 44 ربڑ بوٹس اور 519 لائف جیکٹس اور بہاولپور میں 38 کشتیاں، 40 ربڑ بوٹس اور 519 لائف جیکٹس مہیا کی گئی ہیں، لودھراں میں بھی 19 کشتیاں، 18 ربڑ بوٹس اور 546 لائف جیکٹس پہنچا دی گئی ہیں۔
مزید برآں، ریسکیو آپریشن کو مؤثر بنانے کیلئے جنوبی پنجاب کے ان چھ شہروں میں 119 سے زائد بوٹ آپریٹرز کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ متاثرہ افراد کی فوری مدد کی جا سکے۔
دوسری جانب جلال پور پیر والا کی نواحی بستی بہاراں کے حفاظتی بلوچ واہ فلڈ بند میں اچانک شگاف پڑنے کے باعث ہنگامی انخلا کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کمشنر ملتان اور ڈی سی کی ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہیں جبکہ پاک فوج اور محکمہ آبپاشی کی ٹیمیں بھی شگاف بند کرنے کیلئے فوری کارروائی کر رہی ہیں۔
انتظامیہ نے پانچ ممکنہ متاثرہ دیہات میں متعلقہ اہلکار تعینات کر دیئے ہیں اور ان علاقوں میں رہائشیوں کو فوری طور پر انخلا کیلئے اعلانات جاری کئے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن ہر ممکنہ مدد فراہم کرنے کیلئے جاری ہے اور متاثرین کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔
