(لاہور نیوز) دریائے راوی میں پانی کا بہت بڑا ریلا شاہدرہ کے قریب سے گزر رہا ہے، شاہدرہ کی نواحی آبادی فرخ آباد میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
سیلابی صورتحال کےپیش نظر علاقےمیں امدادی سرگرمیوں میں پہلے سے مصروف اسسٹنٹ کمشنر راوی سٹی کی ہدایت پر مزید نفری بھی طلب کر لی گئی ہے۔
دریائے راوی میں تاریخی سیلابی ریلہ گزرنے کے پیش نظر شاہدرہ ٹاؤن میں نقل مکانی کا عمل شروع کر دیا گیا جبکہ دریائے راوی سے منسلک شاہدرہ ٹاؤن میں مکینوں نے اپنا سامان گھروں سے نکال کر منتقل کر لیا۔
دریا کے قریب واقع آبادیوں سے مکینوں نے بھینسیں، چارپائیاں اور صندوقوں میں بھر کر انتہائی ضرورت کا سامان اُٹھا لیا اور گھر چھوڑ کر محفوظ آبادیوں کی طرف جا رہے ہیں، مکینوں کا کہنا تھا کہ ہم اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں۔حکومت ہمارےلئے رہنے کا بندوبست کرے۔ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ املاک کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر ان کی مدد کی جائے۔

انتطامیہ کا کہنا تھا کہ فرخ آباد میں پانی آنے سے بہت پہلے سے اس علاقہ کے مکینوں سے نقل مکانی کر کے محفوظ مقامات پر جانے کیلئے کہا جا رہا تھا، بہت سے لوگوں نے بروقت نقل مکانی کر لی، کچھ اب جا رہے ہیں تاہم نقل مکانی کرنے والوں کیلئے علاقہ میں کئی ریلیف کیمپ بھی لگائے گئے ہیں۔
دوسری جانب راوی دریا کا پانی غیر متوقع طور پر لاہور کے بادامی باغ کے علاقہ میں بھی داخل ہو گیا، یاد رہے کہ اس سے قبل آج صبح راوی کا پانی موہلنوال کے علاقہ میں ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں داخل ہو گیا تھا جہاں سے مکینوں کا انخلا اب تک جاری ہے۔
