(لاہور نیوز) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے نجی سکولز کی سخت نگرانی کیلئے تمام فیلڈ افسران کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر تعلیم لاہور کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق فیلڈ افسران حکومت کے طے کردہ احکامات پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔
اتھارٹی کے مطابق ایسے تمام نجی سکولز جو حکومتی احکامات کو نظر انداز کر رہے ہیں یا بندش کے باوجود کھلے ہیں، ان کے خلاف موقع پر سخت کارروائی کی جائے گی اور فوری طور پر سیل کر دیا جائے گا۔
اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں ایک کمپلینٹ سیل بھی قائم کر دیا گیا ہے تاکہ والدین، شہری اور دیگر متعلقہ افراد فوری شکایات درج کرا سکیں۔
ایجوکیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کسی قسم کی نرمی برداشت نہیں کی جائے گی اور احکامات کی خلاف ورزی پر متعلقہ سکول انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
