
(لاہور نیوز) جنوبی ایشیا میں پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کا حصہ بنائی جانے والی پہلی اے آر ٹی (آٹومیٹڈ ریپڈ بس) لاہور پہنچ گئی۔
اے آر ٹی جدید "ٹریک لیس سسٹم" ہے، یہ ٹرین ربڑ کے ٹائروں سے چلتی ہے، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ایکس پر آٹو میٹڈ ریپڈ ٹرانزٹ ( ART) بس لاہور پہنچنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوام کیلئے جدید، مؤثر اور ماحول دوست سفری سہولت قرار دیا۔
مریم نواز نے اپنی پوسٹ میں اس جدید بس کی ویڈیو شیئر کی اور اس کے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ اے آر ٹی جدید ترین ٹریک لیس سسٹم پر مبنی ہے جو ربڑ کے ٹائروں پر چلتی ہے اور ایک وقت میں 300 مسافروں کو لے جا سکتی ہے، یہ روایت سے ہٹ کر ایک نیا ماڈل ہے جو سرمایہ کاری کے مؤثر استعمال اور ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بناتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اے آر ٹی بس کو جلد کینال روڈ پر ٹیسٹ رن کے لئے چلایا جائے گا تاکہ اس کی فعالیت اور کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے مزید بتایا کہ چین میں پنجاب کے لئے 1,100 الیکٹرک بسیں تیار کی جا رہی ہیں، جن میں سے 240 بسوں پر مشتمل پہلا بیڑا 22 اگست کو پاکستان پہنچے گا، یہ بسیں ان اضلاع میں بھجوائی جائیں گی جہاں پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت موجود نہیں۔