(لاہور نیوز) لاہور کے جناح ہسپتال کے مردہ خانے میں گزشتہ 6 روز سے بجلی بند ہے، کولنگ سسٹم معطل ہو چکا ہے اور ڈیڈ باڈیز خراب ہونے لگیں۔
ذرائع کے مطابق مردہ خانے کی انڈر گراؤنڈ کیبل خراب ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوئی، جس کے باعث نہ صرف اے سی بلکہ کولنگ کے دیگر آلات بھی بند ہو گئے، انتظامیہ کی جانب سے کیبل کی مرمت نہیں کی گئی۔
علامہ اقبال میڈیکل کالج اور یونیورسٹی انتظامیہ کو صورت حال سے آگاہ کر دیا گیا ہے، تاہم اب تک کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق مردہ خانے میں تعفن پھیلنے کا خدشہ بڑھتا جا رہا ہے۔
دوسری جانب لیسکو حکام کا مؤقف ہے کہ ٹرانسفارمر معمول کے مطابق کام کر رہا ہے اور بجلی کی بندش کی ذمہ داری لیسکو پر نہیں، کیونکہ مردہ خانے کی انڈر گراؤنڈ کیبل ہسپتال یا یونیورسٹی کی ملکیت ہے، جس کی مرمت یا تبدیلی کی ذمہ داری بھی وہی ادارے ادا کریں گے۔
