(لاہور نیوز) لاہور میں دریائے راوی اور نہروں میں ڈوبنے کے واقعات کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
رواں ماہ کے دوران دریا اور نہروں سے 9 افراد کو مردہ حالت میں نکالا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق 3 جولائی کو بی آر بی نہر میں ڈوبنے والے نوجوان کی لاش 6 جولائی کو ملی، 4 جولائی کو ای ایم ای سوسائٹی کے قریب 15 سالہ زین نہر میں ڈوب کر جان سے گیا۔
5 جولائی کو کھیڑا پل کے قریب بی آر بی میں نہاتے ہوئے 12 سالہ بچہ ڈوب کر جاں بحق ہوا جبکہ 8 جولائی کو تھیم پارک کے قریب دریائے راوی میں نہانے والا ایک شخص جان گنوابیٹھا۔
10 جولائی کو مال روڈ کے قریب نہر سے 45 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی، 17 جولائی کو رائیونڈ میں بارشی پانی میں نہانے والا 14 سالہ اسد جاں بحق ہوا جبکہ 20 جولائی کو بی آر بی نہر سے نامعلوم شخص کی لاش نکال کر پولیس کے حوالے کی گئی۔
23 جولائی کو شاہدرہ میں پرانا راوی پل کے قریب نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی جبکہ گزشتہ روز ڈھوری پل کے قریب نہر سے نامعلوم شخص کی لاش ملی جسے نکال کر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
