
(لاہور نیوز) پنجاب میں لاکھوں طلبہ کیلئے ایک بڑی تشویش کی خبر سامنے آئی ہے کہ آئندہ تعلیمی سال کا آغاز بغیر درسی کتب کے ہو سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب ایجوکیشن کریکولم اینڈ ٹریننگ اتھارٹی کی جانب سے تاحال کتابوں کی تیاری کیلئے کوئی باضابطہ اقدام نہیں کیا گیا، جس کے باعث درسی کتابوں کی چھپائی میں تاخیر کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
پیکٹا نے محکمہ سکول ایجوکیشن کو نہ ہی کتابوں کی چھپائی کیلئے ٹینڈرز جاری کئے ہیں اور نہ ہی سکولوں سے طلبہ کی تعداد اور کتابوں کی ڈیمانڈ کے حوالے سے کوئی معلومات طلب کی ہیں۔
ہر سال جون یا جولائی میں اس طرح کی کارروائیاں کی جاتی ہیں تاکہ تعلیمی سال کے آغاز سے پہلے کتابوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے، مگر اس سال اب تک کوئی پیشرفت سامنے نہیں آئی۔
ہر سال کروڑوں درسی کتب چھاپ کر سرکاری سکولوں میں مفت فراہم کی جاتی ہیں تاکہ بچوں کو بہتر تعلیمی مواد مہیا کیا جا سکے، تاہم اس بار تاخیر کے باعث اس عمل میں رکاوٹ پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔