(لاہور نیوز) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں سہولیات حاصل ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں ذاتی باورچی کی سہولت حاصل ہے اور ان سے 3 ماہ میں 66 سے زائد ملاقاتیں ہو چکی ہیں، سلمان اکرم راجہ کا سخت لہجہ دیکھ کر افسوس ہوا، انہیں ایک سلجھا ہوا شخص سمجھا جاتا تھا، مگر وہ بھی اب پی ٹی آئی کے رنگ میں رنگے گئے ہیں، خیبرپختونخوا میں کرپشن کی کہانیاں اربوں سے شروع ہوتی ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ 2018 کے انتخابات میں آر ٹی ایس سسٹم بٹھا کر حکومت بنائی گئی اور جہاز بھر بھر کر لوگوں کو پارٹی تبدیل کروائی گئی، بانی پی ٹی آئی کے خاندان کے پاکستان آنے پر اعتراض نہیں، لیکن وہ پاکستانی شہری نہ ہونے کی وجہ سے سیاست میں حصہ نہیں لے سکتے۔
مون سون بارشوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا پنجاب میں چند گھنٹوں میں سیکڑوں ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، واسا کا عملہ مسلسل بارش کے دوران بھی نکاسی آب کیلئے متحرک رہا، لاہور میں تمام انڈرپاسز اور اہم شاہراہوں کو بروقت کلیئر کرایا گیا اور چند گھنٹوں میں نکاسی آب مکمل کی گئی، بعض شہروں میں چھتیں گرنے کے واقعات میں چند قیمتی جانیں بھی ضائع ہوئیں، جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے قائم کردہ نئی "پیرا فورس" کا بھی اعلان کیا، جو نہ صرف قدرتی آفات بلکہ سماجی بےچینی اور غیرقانونی سرگرمیوں سے نمٹنے کیلئے تربیت یافتہ ہو گی، پیرا فورس اگلے ہفتے سے لاہور میں آپریشن کا آغاز کرے گی جبکہ دسمبر تک اس کا دائرہ پورے پنجاب تک بڑھا دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پیرا فورس ذخیرہ اندوزی، ناجائز تجاوزات اور دیگر غیرقانونی کاموں کے خلاف کارروائیاں کرے گی، اس کا اپنا انویسٹی گیشن سیل بھی قائم کیا جا رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے گیلپ سروے کے نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی کو سراہا ہے اور پنجاب کو کرپشن فری قرار دیا ہے، ہم تنقید کو خوش آمدید کہتے ہیں لیکن بدتمیزی برداشت نہیں کریں گے، آج ہم ایک بار پھر عوامی خدمت کی طرف لوٹ آئے ہیں۔
