
(لاہور نیوز) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ لاہور بڑا ضلع ہے، سکولوں کی بہتری کے حوالے سے لاہور کا لیڈنگ رول ہونا چاہئے تاہم کرپشن، غفلت اور غیر حاضریوں کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔
وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت لاہور ڈویژن کے ضلعی تعلیمی افسران کا اجلاس منعقد ہوا، وزیر تعلیم نے کہا کہ میرے ساتھ مل کر تعلیمی نظام کو درست خطوط پر استوار کریں۔
ایسا تعلیمی نظام بنائیں کہ آپ خود بھی سرکاری سکولوں پر اعتماد کر سکیں، نتائج نہ آئے تو سکولوں کے آؤٹ سورسنگ کے سوا کوئی چارہ نہیں، آؤٹ سورسنگ کے بعد سکولوں کی کوالٹی اور نتائج میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ 2 ہفتوں میں لاہور کے تمام سکولوں کو فنڈز ٹرانسفر ہو جائیں گے، ریسورسز کےحصول کیلئے میرے دروازے کھلے ہیں، سہولیات کا فقدان فوری دور کریں، کمپیوٹر و سائنس لیبز فنکشنل اور ایجوکیشن کی کوالٹی بڑھانے پر فوکس کریں۔
ہائیر سیکنڈری سکولوں میں سٹیم ایجوکیشن پر فوکس کریں، بیسٹ پرفارمنگ پر سکولز، اساتذہ اور طلباء کو ایوارڈ دینے کا سلسلہ شروع کیا جائے، سکولوں کے اچانک دورے کروں گا اور سہولیات کا فقدان برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وزیر تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ اس سال سے اساتذہ کی اضافی ڈیوٹیاں ختم کر دی ہیں، اساتذہ اب صرف تدریس پر فوکس کریں اور طلباء کو ٹیکنالوجی سے آگاہ کریں۔