پنجاب اسمبلی: اپوزیشن اراکین کی معطلی، مذاکرات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی

(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے معطل اراکین کیخلاف ریفرنس پر حکومت و اپوزیشن کے مذاکرات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن اور حکومت کے مذاکرات میں بیشتر نکات پر اتفاق رائے ہوگیا، اپوزیشن کے سامنے حکومتی ارکان نے تین شرائط رکھ دیں۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومتی اراکین نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں گالم گلوچ غیرپارلیمانی الفاظ کا استعمال نہ کیا جائے، وزیر اعلیٰ یا وزراء کی ایوان میں تقریر کے دوران ہلڑ بازی کے بجائے بات سنی جائے، ایوان کو پارلیمانی روایات کے تحت چلایا جائے۔
حکومتی ارکان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اپوزیشن گارنٹی دے کہ اس پرعمل درآمد ہوگا، اپوزیشن مذاکراتی کمیٹی نے بھی چار مطالبات حکومتی ارکان اور سپیکر کے سامنے رکھ دیئے، اپوزیشن مذاکراتی کمیٹی نے ریفرنس واپس لینے اور معطل ارکان کو بحال کرنے کا مطالبہ کر دیا جبکہ اپوزیشن ارکان پر جرمانے ختم کئے جائیں اور چار ارکان کو دوبارہ قائمہ کمیٹوں کا چیئرمین بنایا جائے۔
مذاکراتی کمیٹی نے کہا کہ احتجاج شور شرابا اپوزیشن کا استحقاق ہے، اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی گئی کہ پنجاب اسمبلی اجلاس کو پارلیمانی روایات کے مطابق ہی چلائیں گے، دوران مذاکرات اپوزیشن و حکومتی اراکین نے ایوان کی کارروائی مل کر چلانے پر زور دیا۔