(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنی چھت اپنا گھر منصوبے کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت “اپنی چھت اپنا گھر” منصوبے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب کو منصوبے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس میں منصوبے کے تحت حاصل کی گئی پیشرفت، دیئے گئے قرضوں اور زیر تعمیر گھروں سے متعلق تفصیلات پیش کی گئیں۔
بریفنگ کے مطابق پروگرام کے تحت اب تک 51 ہزار 911 نادار خاندانوں کو مالی امداد کی صورت میں قرضہ فراہم کیا جا چکا ہے، جبکہ مجموعی طور پر 60 ارب 50 کروڑ روپے کی خطیر رقم تقسیم کی جا چکی ہے، 45,178 گھر زیر تعمیر ہیں جبکہ 6,160 گھر مکمل ہو چکے ہیں جو ہزاروں خاندانوں کے خوابوں کی تعبیر بن چکے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے منصوبے کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جس دن ایک غریب کے سر پر چھت آ جاتی ہے، وہ دن ریاست کی کامیابی کا دن ہوتا ہے، ہم نے روایتی سیاست کا دروازہ بند کر دیا ہے اور خدمت کا در کھول دیا ہے۔
مریم نواز نے “اپنی چھت اپنا گھر” کو محض اینٹوں اور دیواروں کا منصوبہ قرار دینے کی بجائے اسے نادار اور بے گھر افراد کیلئے ایک نئی زندگی کا آغاز قرار دیا، ان کا کہنا تھا پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اتنے بڑے پیمانے پر غریب اور بے گھر خاندانوں کے لئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں، میری دن رات کوشش ہے کہ پنجاب کا کوئی شہری بغیر چھت کے نہ رہے۔
اجلاس کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ شفافیت، تیزی اور معیار کو یقینی بناتے ہوئے منصوبے کو کامیابی سے مکمل کیا جائے۔
