
(لاہور نیوز) حجاج کرام کو وطن واپس پہنچانے کیلئے پی آئی اے کی بعد از حج آپریشن مکمل ہو گیا۔
پی آئی اے کی آخری بعد از حج پرواز آج رات آٹھ بجکر 30 منٹ پر مدینہ سے اسلام آباد پہنچی ۔ پی آئی اے سے مجموعی طور پر 41،500 سے زائد حجاج کرام، 147 پروازوں کے ذریعے وطن واپس پہنچے۔ پی آئی اے کی حج پروازوں کی شیڈول پر روانگی کا تناسب 90 فیصد سے زائد رہا۔
پی آئی اے کاحج آپریشن کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، ملتان اور پشاور سے آپریٹ ہوا، حج آپریشن کے لئے پی آئی اے نے بوئنگ 777 اور ایئربس 320 طیارے استعمال کئے۔ پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 10 جون کو شروع ہوا تھا اور 10 جولائی کو مکمل ہوا۔
حجاج نے پی آئی اے کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے ایئر وائس مارشل عامر حیات کی جانب سے حج آپریشن میں شامل ٹیموں کو کامیاب حج آپریشن پر مبارکباد پیش کی گئی۔