
(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں ریکارڈ مون سون بارشیں ہوئیں جبکہ لاہور میں 180 ملی میٹر بارش ہوئی، پنجاب بھر میں مون سون کی یہ بارشیں 13 جولائی تک جاری رہیں گی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ 7 گھنٹے کی مسلسل بارش میں کم سے کم وقت میں نکاسی آب کی کوشش کی گئی، شہر کی تمام بڑی شاہراہیں، انڈر پاسز اور دیگر ولنرایبل مقامات سے نکاسی آب کو یقینی بنایا گیا جبکہ واسا سمیت تمام اضلاع کی انتظامیہ فیلڈ میں موجود رہی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ مون سون بارشوں کا دوسرا سلسلہ 13 جولائی تک جاری رہے گا، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کے مطابق واسا، ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ سمیت تمام متعلقہ محکمے الرٹ رہیں، نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے۔
رواں سال مون سون بارشوں سے 36 شہری جاں بحق، 96 زخمی ہوئے مون سون بارشوں کے باعث 42 مکانات متاثر اور 4 مویشی ہلاک ہوئے، زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، پنجاب حکومت کی پالیسی کے تحت جاں بحق افراد کی فیملیز کو بھی امدادفراہم کی جائیگی تاہم احتیاطی تدابیر اختیار کر کے جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔