
(لاہور نیوز) ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو مون سون بارشوں اور عاشورہ کے موقع پر ممکنہ موسمی حالات کے پیش نظر ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ریلیف کمشنر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات کے مطابق ممکنہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے تناظر میں پیشگی تیاریاں ہر صورت مکمل کی جائیں، پی ڈی ایم اے پنجاب، واسا، ریسکیو 1122 اور دیگر تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
ریلیف کمشنر نے عاشورہ کے جلوسوں کے پیش نظر نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کو فوری ممکن بنانے کا حکم بھی دیا ہے تاکہ کسی قسم کی رکاوٹ یا پریشانی کا سامنا نہ ہو، انہوں نے ہدایت دی کہ تمام حساس اور ممکنہ متاثرہ مقامات پر ریسکیو اور ریلیف سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
اس کے ساتھ ہی دریاؤں، نہروں اور برساتی نالوں کے اطراف دفعہ 144 نافذ کرنے اور ان میں نہانے پر مکمل پابندی عائد کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے، نبیل جاوید کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔