
(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن میں براڈ کاسٹ ویورشپ کا نیا ریکارڈ بن گیا ہے۔
لاہور میں پی ایس ایل انتظامیہ اور سٹیک ہولڈرز کی میٹنگ ہوئی جس میں پی ایس ایل انتظامیہ نے سٹیک ہولڈرز کو مختلف معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی ایس ایل 10 سے 50 کروڑ سے زائد مالیت کی گیٹ منی حاصل ہوئی۔
بریفنگ کے مطابق پی ایس ایل 10 میں گزشتہ سیزن کے مقابلے میں براڈ کاسٹ ویورشپ کئی گنا زیادہ رہی۔ ایوریج ٹی وی ریٹنگ 8 اعشاریہ 5 فیصد رہی، پشاور زلمی موسٹ واچڈ ٹیم رہی، مجموعی طور پر لاہور قلندرز نے سبقت حاصل کی۔
پی ایس ایل 10 میں پی ایس ایل 9 کے مقابلے میں لائیو سٹریمنگ 647 فیصد زیادہ ہوئی، پی ایس ایل 9 میں لائیو سٹریمنگ 455 ملین رہی، جب کہ پی ایس ایل 10 میں3.4 بلین لائیو سٹریمنگ ویوز آئے۔
پی ایس ایل 10 کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا میچ فائنل رہا، پی ایس ایل 10 میں سب سے زیادہ لاہور قلندرز کی میچ ویورشپ 1.4 بلین رہی، شہری علاقوں میں لائیو سٹریمنگ 53 فیصد اور دیہی علاقوں میں 47 فیصد رہی، لائیو سٹریمنگ میں مردوں کا تناسب 67 فیصد اور خواتین کا تناسب 33 فیصد رہا۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل امید اور یکجہتی کی علامت ہے، پی ایس ایل نے عالمی معیار کی کرکٹ اور ناقابل فراموش لمحات دیے، پی ایس ایل کو مزید مضبوط اورعالمی سطح پر فعال بنائیں گے۔
سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل 10 صرف ایک ایڈیشن نہیں بلکہ ایک جشن تھا، پی ایس ایل اب ایک تحریک بن چکی ہے جو مداحوں کو جوڑتی ہے۔