(لاہور نیوز) شادی ہال کے ویٹرز نے مالکان سے لین دین کے تنازع پر شادی ہال ہی میں واردات ڈال دی اور لاکھوں روپے مالیت کا سامان لے اُڑے۔
پولیس کے مطابق یہ نقب زنی کی بڑی واردات تھی، جس کے بعد کاہنہ پولیس کے انچارج چوکی ہلوکی قاسم علی نے ٹیم کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے 3 رکنی ڈکیت و نقب زن گروپ کو ٹریس کرکے گرفتار کرلیا۔
ملزمان نے چند روز قبل ڈیفنس روڈ پر واقع شادی ہال میں گن پوائنٹ پر واردات کی تھی اورشادی ہال سے 5 اے سی چلر اور 2 ڈیپ فریزرز لے اُڑے تھے۔ ملزمان شادی ہال میں ویٹرز کا کام کرتے تھے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ ان کا شادی ہال کے مالک کے ساتھ لین دین کا معاملہ چل رہا تھا اور اسی وجہ سے انہوں نے مل کر واردات کی۔
پولیس نے بعد ازاں ملزمان سے لاکھوں روپے مالیت کے 5 اے سی چلر اور 2 ڈیپ فریزرزبرآمد کرلیے۔ ملزمان میں چاند، بابر اور شان شامل ہیں، مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
