24 Jun 2025
(لاہور نیوز) ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا کی قیادت میں انسداد تجاوزات گرینڈ آپریشن جاری ہے، گزشتہ روز مختلف علاقوں سے 2500 سے زائد تجاوزات ہٹائی گئیں۔
انسداد تجاوزات آپریشن میں نولکھا، دہلی دروازہ اور واہگہ ٹاؤن سے تجاوزات کا صفایا کر دیا گیا، گڑھی شاہو، جوبلی ٹاؤن اور شاہ عالم مارکیٹ میں گرینڈ آپریشن کیا گیا جبکہ انارکلی، کرشن نگر اور دروغہ والا سے تجاوزات ہٹائی گئیں۔
اسی طرح گرین فورٹ، سوتر مل سٹاپ اور الرحمان گارڈن سے تجاوزات کا صفایا کیا گیا، باٹا پور، مناواں اور رام پورہ میں بھی انسداد تجاوزات کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
انسداد تجاوزات کارروائیوں میں 21 ٹرک سامان ضبط کئے گئے جبکہ شہر بھر سے سیکڑوں بینرز، پوسٹرز اور سٹریمرز بھی ہٹا دیئے گئے، اس حوالے سے ڈی سی لاہور کا کہنا ہے کہ شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کیلئے اہم آپریشن جاری ہے۔


